Friday, May 3, 2024

چالیس لاکھ بیلٹ پیپرزکی ترسیل !!! اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل

چالیس لاکھ بیلٹ پیپرزکی ترسیل !!! اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل
November 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ریٹرننگ افسران کو چالیس لاکھ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے 640 پریزائیڈنگ افسران کو 3 روز کیلئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کر دیے۔ پاک فوج کے جوان اور رینجرز آج شام سے اپنی ڈیوٹیاں سنبھالنا شروع کر دیں گے۔ انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں بلدیاتی حکومت کے حصول کی جنگ قریب آن پہنچی ہے۔ بیلٹ پیپرز سمیت دیگر انتخابی میٹریل ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا۔ ریٹرننگ افسران بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز، فارمز، ووٹرز فہرستوں سمیت دیگر سٹیشنری فوج کی نگرانی میں کل پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کریں گے جس کے ساتھ ہی انتخابی عملہ اپنا کام شرع کر دے گا۔ پریزائیڈنگ افسران کے پاس 29 نومبر سے لے کر یکم دسمبر تک مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی مہم آج رات 12 بجے تک ختم کر دیں۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی۔ شہر میں کل 640 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 112 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس اور ان پر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔ رینجرز کو شہر کے تمام پولنگ سٹیشنز پر تعینات کیا جائے گا۔ پاک فوج اور رینجرز کے جوان آج سے ہی اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لیں گے۔ اسلام آباد میں کل ووٹرز کی تعداد چھ لاکھ 73 ہزار 6 سو 95 ہے۔ شہر میں 50 یونین کونسلز بنائی گئی ہیں جبکہ ہر یونین کونسل 6 وارڈز پر مشتمل ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شرع کرا دیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر پولنگ بروقت شروع ہو جائے۔