Thursday, September 19, 2024

چارسدہ: شبقدر میں سیشن کورٹ کے باہر دھماکہ، آٹھ افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

چارسدہ: شبقدر میں سیشن کورٹ کے باہر دھماکہ، آٹھ افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
March 7, 2016
چارسدہ (نائنٹی ٹو نیوز) مختصر امن کے بعد دہشت گردوں نے پھر چارسدہ کا رخ کر لیا۔ شبقدر میں سیشن کورٹ  کے باہر دھماکے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ خودکش تھا۔ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیل ڈالی۔ چارسدہ، شبقدر کی سیشن عدالت کے قریب ایک بمبار نے خود کو اڑا لیا جس سے قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار کچہری کے اندر گھسنا چاہتا تھا تاہم اس نے مرکزی دروازے کے قریب خود کو اڑا لیا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریب کھڑی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ سہیل ظفر ڈی پی او چارسدہ نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا کہ دھماکہ خود کش تھا۔ بمبار نے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ گارڈز کے روکنے پر خود کو اڑا لیا جس سے بڑی تباہی ہوئی، جاں بحق ہونے والوں میں  پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ خیبر حکومت کے معاون خصوصی مشتاق غنی نے کہا کہ عدالت کے باہر گارڈز نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ حملہ آور کچہری آنے والوں کو یرغمال بنا کر زیادہ جانیں لے سکتے تھے۔ واقعے کے بعد چارسدہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ادھر صوبائی حکومت نے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے بعض علاقوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ  آپریشن بھی کیا ہے۔