Thursday, May 2, 2024

چارسدہ : ایف سی نے تربیتی مرکز پردشمنوں کی کارروائی ناکام بنادی ،سکیورٹی اہلکار شہید

چارسدہ : ایف سی نے تربیتی مرکز پردشمنوں کی کارروائی ناکام بنادی ،سکیورٹی اہلکار شہید
March 17, 2017
  چارسدہ (92نیوز)چارسدہ میں فرنٹیئرکانسٹیبلری تربیتی مرکز پر امن دشمنوں کا وار سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ۔ تربیتی مرکز پردہشت گردی کا سفاکانہ کھیل کھیلنے کی کوشش کرنے والے دو حملہ آوروں کو ٹھکانے لگا دیا گیا ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کےمطابق امن دشمنوں نے ایک بار پھرخیبرپختونخوا میں سفاکانہ کھیل کھیلنے کی کوشش کی۔ اس بار خاصہ دار فورس کی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے نماز فجر کے وقت نشانہ بنایا شبقدر چارسدہ میں فرنٹیئرکانسٹبلری کے تربیتی مرکز کو۔ سیکیورٹی فورسز کے نڈر جوانوں نے دہشتگردوں کا وار ناکام بناتے ہوئے ایف سی تربیتی مرکز کی جانب بڑھنےوالے دو خودکش حملہ آوروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا۔ حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ شہید ہونے والے اہلکار سپاہی نعیم اللہ خان کی نمازجنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ فرنٹیئر کانسٹبلری ہیڈکوارٹر پشاور صدر میں ادا کی گئی۔ کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹبلری کے مطابق شبقدر میں دہشتگردوں کو نشانہ بنا کر ایف جوانوں نے جوانمردی کا ثبوت دیا۔ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا کر امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔