Monday, May 13, 2024

چارسدہ، اڑھائی سالہ زینب زیادتی کے بعد قتل، لاش کھیتوں سے برآمد

چارسدہ، اڑھائی سالہ زینب زیادتی کے بعد قتل، لاش کھیتوں سے برآمد
October 8, 2020
چارسدہ (92 نیوز) چارسدہ میں ایک اور ننھی کلی زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، معصوم زینب دوپہر کے وقت گھر سے لاپتہ ہوئی اور پھر تین روز بعد کھیتوں سے اس کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔ گزشتہ روز چارسدہ کے علاقے جبہ کورونہ میں کھیتوں سے ڈھائی سالہ بچی زینب کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، زینب 4 روز قبل گھر کے سامنے سے لاپتہ ہوئی تھی، میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ دلخراش اور انسانیت سوز واقعے پر علاقے کی فضا سوگوار ہے، لوگوں کی بڑی تعداد معصوم زینب کی فاتحہ خوانی کے لئے اس کے گھر پر موجود ہے، زینب سے ایک سال بڑی بہن باپ کے گود میں بیٹے غم سے نڈھال حالات کو سمجھنے سے قاصر نظر آ رہی ہے، زینب کے قریبی رشتہ دار ملزمان کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ زینب کے والد نے اغواء کے روز ہی مقامی تھانے میں بچی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کر لی تھی، پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ڈی پی او چارسدہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔