Tuesday, May 21, 2024

چار میچوں کی پابندی کا شکار سرفراز احمد کراچی پہنچ گئے

چار میچوں کی پابندی کا شکار  سرفراز احمد کراچی پہنچ گئے
January 29, 2019
 کراچی (92 نیوز) نسلی تعصب کے معاملے میں چار میچوں کی پابندی کے شکار سرفراز احمد کراچی پہنچ گئے۔ مداحواں نے حق میں نعرے لگا کر استقبال کیا۔ ائیر پورٹ پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے اپنی غلطی تسلیم کی اور سزا بھی مل گئی۔ انھوں نے معاملے پر پی سی بی کے کردار کی بھی تعریف کی۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید کے سوال پر سرفراز بولے شعیب اخترنے تنقید نہیں بلکہ ذاتی حملہ کیا۔ سرفراز  احمد کا کہنا تھا وہ پانچ ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اب گھر پر آرام اور پھر پی ایس ایل 4 کی تیاری کرونگا۔ زبان کی ہلکی سی جنبش کپتان سرفراز کے کیرئیر کو داغدار کر گئی۔ ڈربن میچ میں جنوبی افریقن کھلاڑی فیلوک وایو کو نسل پرستانہ جملے کہنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل نے کپتان سرفراز پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی۔ کپتان سرفراز جنوبی افریقہ کے خلاف دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے۔ آئی سی سی کی جانب سے  جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرفراز  پر چار میچوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔ سرفراز کو نسل پرستی کیخلاف تعلیمی پروگرام میں بھی شرکت کرنا ہو گی۔ تعلیمی پروگرام کب اورکہاں ہو گا ، اس کیلیے آئی سی سی اور پی سی بی رابطے میں رہیں گے۔ ادھر سرفراز احمد کو آئی سی سی کی جانب سے دی جانے والی سزا کو سابق کرکٹرز نے سخت قرار دےدیا۔ سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ  سرفراز نے بات اردو میں اور انتہائی دور سے کی ، گراؤنڈ میں ایسا ہوتا رہتا ہے ۔ درگزر کرنا چاہئے تھا ۔ شعیب محمد کا کہنا تھا کہ سرفراز نے جنوبی افریقی کھلاڑی پر براہ راست جملہ نہیں کسا ،  انہوں نے انگلش زبان میں  بھی بات نہیں کی  کہ جنوبی افریقی کھلاڑی سمجھ سکیں ، انہوں نے خود کلامی کی تھی ،آئی سی سی کا فیصلہ بہت سخت ہے۔