Thursday, March 28, 2024

چار ماہ کے تعطل کے بعد 20 جولائی سے پولیو مہم دوبارہ شروع کرنیکا فیصلہ

چار ماہ کے تعطل کے بعد 20 جولائی سے پولیو مہم دوبارہ شروع کرنیکا فیصلہ
July 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان پُرعزم ہے ،  وفاقی حکومت  نے 4 ماہ تک معطل رہنے کےبعد 20 جولائی سے محدود پیمانے پر پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کورونا سے احتیاط ضروری کے بعد پولیو سے تحفظ لازمی ، حکومت پاکستان نے ایک بار پھر پولیو وائرس کے خلاف اعلان جنگ کردیا، 20جولائی سے پولیو مہم کا ملک بھر میں آغاز کیا جارہاہے۔

پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اٹک، جنوبی وزیرستان، کراچی اور کوئٹہ کے کچھ علاقے ہیں جن میں 5 سال سے کم عمر 8 لاکھ بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے آخری ہفتے میں پولیو سے متعلق تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی تھیں۔منصوبے کو صوبوں کی مشاورت کے ساتھ جون میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے بارے میں ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے سامنے پیش کیا جس کی گروپ نے تائید کی اور سخت حفاظتی اقدامات کے مشورے دیے ۔

 پولیو مہم میں کورونا سے حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، پولیو ورکرز اور  سکیورٹی اہلکاروں کو کورونا حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں گی۔

نائنٹی ٹونیوز تمام والدین سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مفلوج کرنے والے پولیو سمیت تمام بچاؤ کے قابل بیماریوں کی ویکسین دیے جانے کو یقینی بنائیں۔

ملک بھر میں 90 فیصد بچوں کو پالیو کی ویکسین دی جاچکی ہے لیکن حکومت پاکستان کا یہ عزم ہے کہ 100 فیصد بچوں کو ویکسین دی جائے اور وطن عزیز کو پولیو فری ممالک کی صف میں شامل کیا جائے ، حکومت پاکستان کی ملک کو پولیو فری بنانے کے عزم اور جدوجہد میں 92 شانہ بشانہ  ہے۔