Monday, May 6, 2024

چار ماہ میں پاکستان مستحکم ہوا،اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے ، وزیر اعظم

چار ماہ میں پاکستان مستحکم ہوا،اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے ، وزیر اعظم
January 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نےترک ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ  چار ماہ کے دوران پاکستان مستحکم ہوا  ، اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، دو ایٹمی ملک جنگ کا سوچ بھی نہیں سکتے، بھارت نے مذاکرات کی پیشکش کئی بار مسترد کی۔کرپشن ریاستی ادارے تباہ کررہی ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کیخلاف کیسز تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے پہلے کے ہیں،تمام ریاستی ادارے آزاد ہیں ۔ وزیر اعظم کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان کو کرائے کی بندوق کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں80ہزار پاکستانی نشانہ بنے، ہم نے اس جنگ  کا  بہت بڑا خمیازہ بھگتا۔ دہشتگردی سے پاکستان کو بے حد نقصان ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا مظاہرہ کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن سمیت دیگر مظالم ڈھائے گئے، بھارت سے مذاکرات پرہم  دوقدم آگے بڑھے مگر   بھارت نے کئی بارپاکستان کی  جانب سے کی گئی مذاکرات کی دعوت ٹھکرائی، دو ایٹمی ملکوں کےاختلافات کو جنگ سےحل کرنا خودکشی ہوگی، ،انہوں نے کہا کہ  نریندر مودی الیکشن مہم کیلئے بھارت پاکستان مخالف جذبات ابھار رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں امن کا قیام مذاکرات سے ممکن ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ کرپشن نے پاکستانی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے اور اس سلسلے میں چین ہماری معیشت کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔