Wednesday, April 24, 2024

چار مئی فائر فائٹرز کا عالمی دن

چار مئی فائر فائٹرز کا عالمی دن
May 4, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں جہاں آج فائر فائٹرز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب لاہور میں فائر فائٹرز کی دو سو سے زائد آسامیاں آٹھ سال سے خالی پڑی ہیں۔ عوام کی جان اور املاک کے تحفظ کرنے والے محکمے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ چار مئی کو فائر فائٹرز کا عالمی دن ان شہدا کی یاد میں منایا جاتا ہے جو شہریوں کی جانیں اور املاک بچاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ پوری دنیا میں فائر فائٹرز کے محکمے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے لیکن یہاں اس کے برعکس ہے۔ لاہور کا فائر فائٹر کا محکمہ پچھلے دس سال سے نئی بھرتیوں پر پابندی کے باعث عملے کی شدید کمی کا شکار ہے۔ صرف تیرہ فائر اسٹیشن ہیں چار سو اسی ملازمین کی جگہ صرف دو سو باون ملازمین کام کر رہے ہیں اور ان کی بھی اوسط عمر چالیس سال سے زائد ہے۔ فائر اسٹیشن انچارج منیر خان کہتے ہیں کہ سیکرٹری لوکل گورنمٹ کی جانب سے بھرتیوں پر دو ہزار سات میں پابندی لگائی گئی جو تاحال برقرار ہے۔ فنڈز صرف ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو دئیے جا رہے ہیں۔ چیف فائرآفیسر قاری عالم شیر کا کہنا ہے کہ ملازمین کی کمی کے سبب مشکلات تو ضرور ہیں لیکن اس حوالے سے ڈی سی او کی جانب سے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ فائر فائٹرز کے عالمی دن پر اس بات کا عزم کرنے کی ضرورت ہے کہ عوام کی حفاظت کے ذمہ دار ادارے کی بہتری کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔