Saturday, May 11, 2024

چار بہادر سپوت دفاعِ وطن کا مقدس فریِضہ نبھاتے ہوئے قربان

چار بہادر سپوت  دفاعِ وطن کا مقدس فریِضہ نبھاتے ہوئے قربان
July 13, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز) چار بہادر سپوت  دفاعِ وطن کا مقدس فریِضہ نبھاتے ہوئے قربان ہو گئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے چار جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے چار سجیلے جوان وطن کی آن پر قربان ہوگئے، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اس  موقع پر کمین گاہ میں چھپے امن دشمنوں نے فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ گھیرے میں لینے پر فائرنگ شروع ہوگئی جس سے4جوان شہید ہوگئے، شہداء میں سپاہی محمد رضوان خان، سپاہی محمد اسماعیل خان،  سپاہی راجہ وحید احمد، سپاہی محمد شہباز یاسین شامل ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے پناہ گاہ میں چھپے ہوئے چاروں دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچادیا سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر  کر دیا  ہے۔