Monday, September 16, 2024

پیپلزپارٹی،ن لیگ، جے یو آئی اور اے این پی نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے

پیپلزپارٹی،ن لیگ، جے یو آئی اور اے این پی نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے
July 30, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی ، پاکستان مسلم لیگ ن ، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے پورے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ۔ اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی ، ن لیگ ، جے یوآئی اور اے این پی کے قائدین نے سرجوڑ لئے ۔ ملاقات مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف ، شاہد خاقان عباسی اے این پی کے غلام احمدبلور پاکستان پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف ، خورشید شاہ اور شیری رحمان موجود تھے ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی اورپنجاب اسمبلی میں تمام جماعتوں کی نشستوں کا جائزہ لیاگیا ، ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفاق اورپنجاب میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو مل کر حکومت بنانے پر زور دیتے رہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وفاق میں بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ سمیت اتحادی جماعتوں کی حکومت بنانے کے امکان کومسترد نہیں کیا۔ لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کا کہناتھا اس الیکشن میں ہونے والی دھاندلی پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں ۔ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا الیکشن میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی پر متفق ہونے کی صورت میں خالی ہونے والی نشستوں پر متفقہ امیدوارلائے جائیں گے۔ دوسری جانب  الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  سیاسی رہنماؤں کی بے بنیاد باتوں کی مذمت کرتے ہیں، اس حوالے سے کل اپنے تفصیلی رد عمل سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا ۔