Saturday, April 20, 2024

پیپلزپارٹی کے رہنما نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگنے لگے

پیپلزپارٹی کے رہنما نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگنے لگے
January 7, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگنے لگے۔ رینٹل پاور ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف کے وکیل نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت فرد جرم عائد کرنے پر اعتراض کردیا۔

جج محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ راجہ پرویزاشرف نے دلائل دیئے کہ نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ راجہ پرویز اشرف کو اس کیس سے بری کیا جائے۔

 نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 10 بی میں کوئی ترمیم نہیں ہوئی۔ رینٹل پاور پراجیکٹ میں 12 مختلف ریفرنسز عدالت میں زیر التوا ہیں۔

 احتساب عدالت کے جج نے وکیل کو تحریری اعتراضات دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ جج اعظم خان نے کہا کہ اعتراضات دائر ہونے کے بعد نیب کا موقف سنیں گے۔ عدالت نے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  ادھر شرجیل انعام میمن نے بھی نئے نیب آرڈیننس کی بنیاد پر سندھ روشن پروگرام میں کرپشن کی تحقیقات چیلنج کر دیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔