Sunday, September 8, 2024

پیپلزپارٹی کے اندرونی اختلافات سے پارٹی قیادت پریشان

پیپلزپارٹی کے اندرونی اختلافات سے پارٹی قیادت  پریشان
March 27, 2016
کراچی(92نیوز)سندھ میں پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات نے پارٹی قیادت کو پریشان کردیا ناراضیاں دورکرنے کے لئے آصف زرداری ایکشن میں آگئے،  سندھ کے پارٹی رہنماؤں کولندن طلب کرلیا۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی،مخدوم برادران اور نادر مگسی سمیت بعض دیگر رہنماپارٹی قیادت سے ناراض ہیں، اور برملا اپنی ناراضی کا اظہار بھی کرتے ہیں،ہالامخدوم برادران پارٹی قیادت کی طرف سے مسلسل نظر انداز کئے جانے پر ناراض ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت میں انھیں اہم ذمہ داریاں دی جائیں،جبکہ میر ہزار خان بجارانی وزارت کا قلمدان تبدیل کئے جانے پر گزشتہ برس سے ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی کے پارٹی سے اختلافات فضل پیچوہو کی وجہ  سے ہوئے تھے، سندھ کے اعلٰی سرکاری افسر فضل پیچوہو سابق صدر آصف زرداری کے قریبی رشتہ دار ہیں، ذرائع کے مطابق ساری صورتحال کو بھانپتے ہوئے ناراضیاں دور کرنے کے لئے آصف زرداری خود فعال ہو گئے ہیں، آصف زرداری کی ہدایت پر فریال تالپور  لندن پہنچ گئیں ہیں ، جبکہ پیپلز پارٹی سندھ کے ناراض رہنماوں کو بھی لندن طلب کر لیا گیا ہے، پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری ان اختلافات کو ختم کرنے میں انتہائی سنجیدہ ہیں ، اور وہ نہیں چاہتے کہ ایم کیو ایم کی طرح پیپلز پارٹی میں بھی دراڑیں پڑیں۔