Friday, May 17, 2024

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کراچی میں اجلاس ، بلاول نے پی ڈی ایم کاشوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کراچی میں اجلاس ، بلاول نے پی ڈی ایم کاشوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا
April 11, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے بڑوں کی کراچی میں بیٹھک لگی ، سی ای سی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے خلاف پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کو بلاول بھٹو زرداری نے پھاڑ کر پھینک دیا،اجلاس میں یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔

کراچی بلاوُل ہاوُس میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی بڑی بیٹھک لگی ، بلاوُل بھٹو زرداری کی سربراہی میں اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ، آصف علی زرداری بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوِئے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم اور استعفوں کی تجویز کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، دوران اجلاس شرکاء نے شاہد خاقان عباسی کا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا، بلاول بھٹو نے غصے میں شوکاز نوٹس کو پھاڑ کر پھینک دیا، بلاول بھٹو کے اس عمل پر پارٹی قائدین کی جانب سے تالیاں بجائی گئی، چیئرمین پیپلزپارٹی بولے ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

دوران اجلاس یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی، یوسف رضا گیلانی کہنے لگے اگر پارٹی سمجھتی ہے تو میں ابھی مستعفی کو تیار ہوں، اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ آپ کو مستعفی ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، پوری پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے شرکاء کو کل ہونے والی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، شرکاء کی دی گئی پالیسی کے تحت مراد علی شاہ کل مشترکہ مفادات کونسل میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے اسکے علاوہ اجلاس میں کشمیر پر پی ٹی آئی کی کنفیوژڈ پالیسی اور پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل پر بھی بات چیت ہوئی۔