Friday, April 19, 2024

پیپلزپارٹی کی ”بھابی“ اسلام آباد میں جیت کیلئے پرامید

پیپلزپارٹی کی ”بھابی“ اسلام آباد میں جیت کیلئے پرامید
November 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حسیبہ خاتون عباسی المعروف بھابی بھی لیڈی کونسلر کی امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی پر مشکل وقت کے باوجود انہیں یقین ہے کہ وہ کامیاب ہو جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کو اپنی سیاسی تاریخ کے مشکل دور کا سامنا ہے۔ ایسا مشکل دور کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدوار بھی پورے نہیں لیکن حسیبہ خاتون عباسی المعروف بھابی جیالوں کے لئے ہمت و استقلال کی مثال بنی یو سی 36 سے پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر لیڈی کونسلر کا الیکشن لڑ رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی شعبہ اسلام آباد کی صدر نرگس فیض ملک کہتی ہیں کہ ایسے کارکن پیپلز پارٹی کا سرمایہ افتخار ہیں۔ اہل محلہ بھی بھابی کی سماجی خدمات کا دم بھرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ حسیبہ خاتون المعروف بھابی گھر گھر جا کر اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ خاتون امیدوار ہونے کی وجہ سے انہیں بھرپور یقین ہے کہ عوام انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔