Friday, May 17, 2024

پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم شوکاز نوٹس کا سخت جواب دینے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم شوکاز نوٹس کا سخت جواب دینے کا فیصلہ
April 6, 2021

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم کی جانب سے پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا معاملہ، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا۔ مصالحانہ کی بجائے جارحانہ انداز میں جواب دیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے اتحاد کو توڑنے کی کوششوں کی ذمہ دار مسلم لیگ ن کو ٹھہرائے گی۔

پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے لگا، ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کو شوکاز نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا۔

اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو سخت جواب دینے کی ہدایت کر دی۔ پی پی رہنماء شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری اور دیگر شوکاز نوٹس کا جواب تیار کریں گے۔

ذرائع نے بتایا شوکاز نوٹس کا جواب تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو بھجوایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی نے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد فوری سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی شوکاز نوٹس کے جواب میں ن لیگ اور پی ڈی ایم کی پالیسی کو ہدف تنقید بنائے گی، اس حوالے سے پی پی رہنماء جلد پریس کانفرنس بھی کریں گے۔