Wednesday, April 24, 2024

پیپلزپارٹی کا وفاق سے پہلے پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا مشورہ

پیپلزپارٹی کا وفاق سے پہلے پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا مشورہ
January 28, 2021

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم میں شامل بڑی جماعتوں کی اپنی اپنی خواہشات،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا وفاق سے پہلے پنجاب میں عدم اعتماد کا مشورہ جبکہ مسلم لیگ ن کی اپنی منطق، اگر تبدیلی لانی ہے تو صوبے میں ان کی حکومت ہونی چاہئے،دوسری جانب مولانا فضل الرحمٰن نے سولو فلائٹ کا عندیہ بھی دے دیا۔

پی ڈی ایم میں تقسیم در تقسیم، پیپلزپارٹی نے ایک اور یوٹرن لے لیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نےوفاق سے پہلے پنجاب میں عدم اعتماد کا مشورہ دے دیا۔

پی پی قیادت پہلے پنجاب میں پھر اسپیکر قومی اسمبلی اور بعدمیں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد لانے کی خواہاں ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں تحریک انصاف کے ایک بڑے اتحادی کو حکومت میں لانے کے لئے بھی رضا مند ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب میں ابھی تبدیلی کی خواہاں نہیں ہے قیادت نے پیپلز پارٹی پر اپنا مؤقف پھر واضح کر دیا، ذرائع نے بتایاپنجاب میں مسلم لیگ ن کو پی ٹی آئی کے اتحادیوں کی حکومت قبول نہیں اگر تبدیلی لانا ہو تو حکومت ن لیگ کی ہونی چاہئے۔

اِدھر مولانا فضل الرحمٰن بھی پہلے وفاق میں تبدیلی کے خواہاں ہیں وہ استعفوں اور لانگ مارچ پر بضد ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا نے عندیہ دیا کہ اگر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کوئی ایسی راہ اپناتی ہے جو انہیں قبول نہیں تو وہ سولو فلائٹ بھی کر سکتے ہیں۔