Saturday, May 4, 2024

پیپلزپارٹی کا علیمہ خان کی مبینہ جائیداد پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

پیپلزپارٹی کا علیمہ خان کی مبینہ جائیداد پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ
January 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کے سولہ اکاؤنٹس اور علیمہ خان کی مبینہ جائیداد پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول اور وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کے نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان ٹھن گئی۔ سعید غنی نے مبینہ جائیدادوں کے معاملے پر علیمہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور جےآئی ٹی بنانے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا نہ کاروبار نہ محنت مزدوری، ماجرا کیا ہے؟، لوگ غریبوں کے علاج کے لیے پیسے دیتے تھے ، املاک خریدنے کےلیے نہیں۔ ناصرشاہ بولے زرداری کی بہن کیلئے ایک معیار، علیمہ خان کیلئے دوسرا معیار رکھا جاتا ہے۔ علیمہ خان کی مبینہ جائیدادوں کا معاملہ سوشل میڈیا پر بھی گرم رہا۔ ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے ٹویٹ داغا اور کہا کیا تھے وہ ذرائع جس سے علیمہ باجی نے اربوں کی پراپرٹی خریدی۔ اصل میں علیمہ باجی عمران کی بےنامی دار ہیں۔ علیمہ باجی نےاسپتال اور یونیورسٹی کے بورڈ اور پارٹی فنڈ سے بیرونِ ملک اربوں کی جائیداد خریدی۔ ادھر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا خود ٹکے کی بھلائی کا کام نہیں کیا توشوکت خانم اور نمل کومتنازعہ نہ بنائیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ علیمہ آپا ملک کی وزیراعظم نہیں رہیں۔ انہوں نے تمام جائیداد خود ڈیکلیئر کی۔ آپ کی سیاست اب جھوٹی کہانیاں گھڑنے تک ہے۔ اپنی مرحوم سیاست کو نئی زندگی دینے کیلئے فلاحی اداروں کو متنازعہ نہ بنائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات  کے ٹویٹ پر مریم اورنگزیب پھر میدان میں آئیں۔ بولیں فواد چودھری صاحب آئیں بائیں شائیں نہ کریں۔ علیمہ باجی کی چوری کا جواب دیں۔ عمران صاحب علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے ؟