Sunday, September 8, 2024

'پیپلزپارٹی کا سابق سفیر امریکا میں پاکستان کیخلاف لابنگ کر رہا ہے'

'پیپلزپارٹی کا سابق سفیر امریکا میں پاکستان کیخلاف لابنگ کر رہا ہے'
January 19, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 34 اسلامی ممالک کا اتحاد کسی ملک یا فرقے کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ہے۔ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے۔ امریکہ سے ملنے والے ایف 16 طیاروں کی مخالفت بھارت اور سابق پاکستانی سفیر کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں۔ یہ کوئی فوجی اتحاد نہیں ہے۔ 34ممالک کے اتحاد کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد ہے۔ اتحاد میں پاکستان کا کردار واضح نہیں ہے۔ رکن ممالک کے کردار کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کو امت مسلمہ کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ پاکستان کو ایف 16طیارے نہ دینے کے لیے امریکہ میں لابی کام کر رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کا سابق سفیر حسین حقانی بھی پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں۔ امریکہ سے 8 ایف 16 طیارے دو سال کی لیز پر ملیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان سعودی ایران کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کر رہا ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کی سعودی قیادت سے ملاقات حوصلہ افزا رہی۔ مشرق وسطیٰ میں حکومتی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے۔ غیر ملکی مداخلت نے کئی مسلم ممالک کو تباہ کیا،حکومت کوئی چیز پارلیمنٹ سے خفیہ نہیں رکھے گی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ 34ممالک کا اتحاد شیعہ مخالف نہیں۔ بہت سے پاکستانی بھی شیعہ ہیں‘ کسی شیعہ مخالف اتحاد میں کیسے شامل ہو سکتے ہیں۔