Sunday, September 8, 2024

پیپلزپارٹی کا حکومت مخالف تحریک میں جارحانہ طرز عمل اپنانے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کا حکومت مخالف تحریک میں جارحانہ طرز عمل اپنانے کا فیصلہ
July 11, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پیپلزپارٹی نےحکومت مخالف تحریک میں جارحانہ طرزِ عمل اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔پارلیمنٹ کے ساتھ سڑکوں پر بھی احتجاج کیا جائیگا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے آصف زردار ی سے مشاورت مکمل کرلی۔ تفصیلات کےمطابق  پیپلزپارٹی نے حکومت کےخلاف تحریک کےلئے لنگوٹ کس لئےہیں ، احتجاجی تحریک کی حکمت عملی کےلئے بلاول بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری سے مشاورت مکمل کرلی۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتجاجی تحریک جارحانہ ہوگی واحد مطالبہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم نوازشریف کا احتساب ہوگا۔ آزاد کشمیر کے انتخابی جلسوں میں بھی بلاول بھٹو حکومت پر کڑی تنقید کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے بلاول کوملاقات میں اہم سیاسی مشورے بھی دیئے۔ دوسر ی جانب بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کےلئے بدھ کو اسلام آبادمیں پارٹی اجلاس طلب کرلیا۔ بلاول بھٹو منگل کی شام اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق  اجلاس میں حکومت کے خلاف احتجاج اور آزاد کشمیر کی انتخابی صورتحال پر مشاورت ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماﺅں کو حکومت کےخلاف جارحانہ رویہ اپنانے کی اجازت دیدی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت کو پارلیمنٹ اور سڑکوں پر بھی آڑے ہاتھوں لیں گے۔