Thursday, April 18, 2024

پیپلزپارٹی نے کبھی لسانیت پر مبنی سیاست نہیں کی، مُراد علی شاہ

پیپلزپارٹی نے کبھی لسانیت پر مبنی سیاست نہیں کی، مُراد علی شاہ
December 13, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کبھی لسانیت پر مبنی سیاست نہیں کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ سے نیشنل پولیس اکیڈمی کے اڑتالیس ویں اسپیشلائیڈٹریننگ پروگرام کے چھبیس اے ایس پیز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی دوہزار آٹھ میں اقتدار میں آئی، اس وقت صوبے بھر خاص طور پر شہر کراچی میں حالات بہت خراب تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ کراچی میں نوگو ایریاز تھے، اقتدار میں آتے ہی دیہی علاقوں میں امن امان بحال کیا۔ کراچی میں نوگو ایریاز ختم کیے، کراچی دنیا کے خطرنات ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر تھا، آج ایک سو چھبیس ویں نمبر پر ہے، جس کا سہرا حکومت کے سیاسی عزم اور عوام کے ساتھ کو جاتا ہے۔

مُراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں خیبر پختون خواہ سے زیادہ پشتون، بلوچستان سے زیادہ بلوچ رہتے ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے۔ سندھ میں زبان کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں رکھتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی اینڈ ڈی، لوکل گورنمنٹ، فنانس اور دیگر محکموں کے سیکریٹریز سندھی اسپیکنگ نہیں۔ صوبے کے بہت سارے اضلاع میں ڈی سی اور ایس ایس پیز سندھی اسپیکنگ نہیں ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی لسانی سیاست یا فرق نہیں رکھا۔