Saturday, April 20, 2024

پیپلزپارٹی نے نئے مالی سال کا بجٹ مسترد کردیا

پیپلزپارٹی نے نئے مالی سال کا بجٹ مسترد کردیا
June 12, 2020
کراچی (92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے نئے مالی سال کا بجٹ مسترد کردیا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ پیش کیا، جس میں ملک کو درپیش کورونا اور فوڈ سکیورٹی جیسے خطرات کو اہمیت نہیں دی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری حکومتی بجٹ پر ردعمل میں کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو تکلیف اور امیر طبقے کو ریلیف دیا گیا، بجٹ میں اگلی صفوں پر لڑنے والے طبی عملے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جانا چاہئے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے ایک مایوس کن بجٹ پیش کیا، پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے آج ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے، پچس برس بعد ملک میں ٹِڈی دَل کا سب سے بڑا حملہ ہماری زراعت، فوڈ سکیورٹی اور معیشت کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک روایتی بجٹ پیش کیا ہے، اس بجٹ میں تنخواہوں تک میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس بجٹ میں پنشنز میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ اس وقت ہمیں ہر پاکستانی مزدور، غریب اور کسان کو بجٹ میں تحفظ اور ریلیف فراہم کرنا چاہئیے تھا،  وفاقی بجٹ میں اگلی صفوں پر لڑنے والے طبی عملے کے لئے خصوصی اعلانات کرنے چاہئیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بجٹ میں کوئی ریلیف نظر نہیں آیا، ہم امید کر رہے تھے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے بجٹ میں ہر صوبے کے لئے خصوصی ہیلتھ پیکج دیا جائے گا مگر ایسا نہ ہوا، ہر پاکستانی کو پی ٹی آئی کے بجٹ کو رد کرنا چاہئیے، پیپلزپارٹی سمیت ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتیں اس بجٹ پر جلد ایک اے پی سی کا انعقاد کریں گی۔