Friday, April 26, 2024

پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی نے فوجی عدالتوں کی مخالفت کردی

پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی نے فوجی عدالتوں کی مخالفت کردی
January 10, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی مخالفت کردی۔ تحریک انصاف کہتی ہے پہلے حکومت کا موقف سنیں گے پھر رائے دینگے۔ خورشید شاہ کی زیرصدارت اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں نیب کے مستقل کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کااجلاس ہوا۔شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، نوید قمر اور صاحبزادہ طارق اللہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کی جانب سے توسیع کی مخالفت سامنے آئی۔ سپیکر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماﺅں کے اجلاس اور نیب کے مستقبل سے متعلق حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی مخالفت کرینگے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ فوجی عدالتوں کی ضرورت نہیں۔ اپوزیشن نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ حکومت کا موقف سنیں گے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو توسیع پر حکومت کا موقف سننے کے بعد اپنی رائے دیں گے۔ حکومت بتائے فوجداری نظام میں کیا بہتری لائی گئی ہے؟ 

فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملے پراسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والا پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بغیر نتیجہ ختم ہو گیا۔ سیاسی جماعتوں میں توسیع دینے کے معاملے پر اتفاق نہ ہوا۔ سترہ جنوری کو دوبارہ اجلاس ہوگا۔