Friday, May 17, 2024

پیپلزپارٹی نے سنتھیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائر کر دی

پیپلزپارٹی نے سنتھیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائر کر دی
June 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) امریکی صحافی سنتھیا رچی کے بینظیر بھٹو پر الزامات کے خلاف پیپلزپارٹی نے اندراج مقدمہ  کیلئے درخواست دائر کر دی ۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن  جج جہانگیر اعوان نے سنتھیا ڈی رچی کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ ایف اائی اے اور پی ٹی اے کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے  9 جون تک جواب طلب کرلیا۔

عدالت کی جانب سے  سنتھیا رچی کو 9 جون کو خود یا وکیل کے ذریعے پیشی کی ہدایت کی گئی ۔

واضح رہے کہ امریکی شہری سنتھیا رچی نے  بینظیر بھٹو کی ذات پر الزامات عائد کئے جب کہ رحمٰن ملک پر زيادتی کا الزام لگایا ہے ، کہا کہ  رحمٰن ملک 2011 میں جب وزیر داخلہ تھے اس وقت زیادتی کی۔

سنتھیا رچی نے  اپنے ویڈیو پیغام میں  کہا کہ  یوسف گیلانی اور مخدوم شہاب نے بھی بدسلوکی کی ۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے سنتھیا رچی کے الزامات مسترد کر دیے ۔  سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں سنتھیا پاکستانی سیاست دانوں کو بدنام کررہی ہیں، وہ خواتین کا احترام کرتے ہیں۔

 سینیٹر رحمان ملک نے امریکی خاتون کے الزمات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیہودہ الزامات کا جواب دینا توہین سمجھتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق  سینیٹر رحمن ملک ہمیشہ خواتین کے حقوق اور وقار کیلئے آواز بلند کی،امریکی خاتون کے الزامات کا مقصد ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے ۔ ۔سنتھیا ڈی رچی نے نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے، تاہم رحمان ملک کے بیٹوں نے وکلا سے قانونی رائے بھی مانگ لی ہے۔

ایک طرف پیپلز پارٹی نے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے وہیں اپوزیشن کو بھی کھل کر تنقید کا موقع مل گیا ، مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی نے بھی خوب بھڑاس نکالی۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ امریکی خاتون سنھیا رچی نے پیپلزپارٹی کا کرپٹ مکرو چہرا بے نقاب کر دیا ہے  ،  ان بدکرداروں کے لیئے ایک سنتھیا رچی ہی کافی ہے، یہ محترمہ کی پیپلز پارٹی نہیں زرداری کی پارٹی ہے۔