Thursday, April 25, 2024

پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا

پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا
June 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی اور نون لیگ میں اختلافات پیدا ہو گئے۔ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے مطابق نون لیگ کی بجٹ اجلاس میں غیرسنجیدگی کے باعث اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے 14 ارکان بجٹ منظوری کے وقت ایوان سے غائب تھے۔ مشترکہ اجلاس مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل بلایا گیا تھا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی نے فنانس ترمیمی بل 2021 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی تھی ۔ آٹھ ہزار چار سو ستاسی ارب روپے حجم کا وفاقی بجٹ منظور کر لیا گیا تھا ۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس ترمیمی بل 2021 کی تحریک ایوان میں پیش کی جس پر دو مرتبہ زبانی رائے شماری میں اپوزیشن ارکان کی آواز بلند رہی تھی ۔ تیسری مرتبہ زبانی رائے شماری کو پیپلز پارٹی نے چیلنج کیا۔ ووٹنگ کے بعد 138 کے مقابلے میں 172 ووٹوں سے تحریک منظور کر لی گئی تھی ۔

کورونا وائرس سے متاثرہ 2 اراکین ایوان میں نہیں آئے تھے۔ مسلم لیگ ن کے 84 میں سے 14 ارکان بجٹ منظوری کے موقع پر غائب جبکہ 70 ارکان حاضر تھے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی بجٹ منظوری کے اہم ترین موقع پر ایوان میں موجود نہیں تھے۔