Friday, April 19, 2024

پیپلزپارٹی نہ تو الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی اور نہ التواء چاہتی ہے، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی نہ تو الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی اور نہ التواء چاہتی ہے، بلاول بھٹو
July 14, 2018
پشاور (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نہ تو الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی اور نہ التواء چاہتی ہے۔ انتخابات بروقت ہونے چاہیں۔ کارکنوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری مالاکنڈ میں اپنے حلقہ انتخاب این اے آٹھ میں جلسہ کےلئے گزشتہ رات پشاورآئے لیکن پشاور بنوں اور مستونگ میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پیپلزپارٹی کا جلسہ اور انتخابی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ پشاور میں سابق صوبائی وزیرظاہرعلی شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ کارکنوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں جگہ جگہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پارٹی ورکرز پر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کےلئے دبائو ڈالا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی ان تمام حالات کے باجود الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی انتظامیہ پارٹی کارکنوں کو تنگ کررہی ہے۔ پیپلزپارٹی کا راستہ روک کر دوسری جماعتوں کو راستہ دیا جارہا ہے۔