Tuesday, May 21, 2024

پیپلزپارٹی ظالموں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی ظالموں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، بلاول بھٹو
October 21, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے راولپنڈی میں آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ظالموں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کو اسپتال منتقل کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے آج اڈیالہ جیل میں آصف زرداری سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو اس موقع پر بولے کہ والد کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے، عدالت نے زرداری صاحب کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے، عدالتی احکامات پر عملدر آمد نہیں ہو رہا ہے، توہین عدالت صرف جمہوری قوتوں کیلئے ہے غیر جمہوری قوتیں جو کچھ مرضی کریں۔ قیدیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، حکومت طبی سہولیات فراہم نہ کر کے اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا والد زرداری کو اس حال میں دیکھ کر حکومت میرے خاندان کو دباﺅمیں رکھنا چاہتی ہے، آصف زرداری پر ایف آئی آر سندھ میں ہے اور کیس راولپنڈی میں چلا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی جمہوری جدو جہد جاری رہے گی، حکومتی ہتھکنڈوں کی وجہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پیپلز پارٹی نے 18 اکتوبر کو شاندار جلسہ کیا، تھر پارکر میں 21 اکتوبر کو دوسرا جلسہ کر رہے ہیں، پاکستان کی عوام اس نالائق حکومت کو گھر بھیجنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کے دور میں بھی احتجاج اور لانگ مارچ ہوئے،پیپلز پارٹی نے کسی احتجاج کو نہیں روکا بلکہ سیاسی حل نکالا۔ جمہوری ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہوتا، یہ لوگ جمہوری لوگ نہیں کٹھ پتلی ہیں انکو ملک چلانے کا پتہ ہی نہیں، ملک سیاسی و آئینی بحران کی طرف جا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بولے کہ لاڑکانہ کا الیکشن الیکشن نہیں سلیکشن تھا، جتنی تیزی کے ساتھ ووٹنگ ہوئی وہ ممکن ہی نہیں، لاڑکانہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی جھوٹ سے پردہ اٹھاتی رہے گی، تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ کسی تیسری قوت کو آنے کا موقع نہ دیں۔حکومت نے پارلیمان کو تالا لگا دیا ہے کوئی بل پارلیمان میں پاس نہیں کرایا جاتا، پارلیمنٹ سے پروڈکشن آرڈر بھی جاری نہیں کیے جاتے۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ایک اچھا ورکنگ ریلیشن رہا ہے، پارٹی اپنے نظریے اور اصولوں کے مطابق عمل پیرا ہے، اگر مولانا کے خلاف کوئی غیر جمہوری رویہ اپنایا گیا تو پیپلز پارٹی اس پر غور کرے گی، ہم سمجھتے ہیں عمران خان کو فی الفور استعفیٰ دینا چاہئے۔