Saturday, May 4, 2024

پیپلزپارٹی صدر کے لئے بیرسٹر اعتزازاحسن کے نام پر ڈٹ گئی

پیپلزپارٹی صدر کے لئے بیرسٹر اعتزازاحسن کے نام پر ڈٹ گئی
August 22, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پیپلزپارٹی اعتزازاحسن کے نام پر ڈٹ گئی  ،سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ہی ہمارے صدارتی اُمیدوار ہیں  ، کوئی دباؤ نہیں اور نہ انہیں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب  شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن کو تبدیل کیا گیا تو نظریاتی سیاست دفن  ہو جائے گی۔ صدارتی اُمیدوار  کے نام پر ایک مرتبہ پھر ن لیگ اور پی پی پی کے درمیان بن نہ سکی ، ن لیگ کو اعتزاز احسن کی نامزدگی  پر اعتراض تو پی پی پی اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی جبکہ پی ٹی آئی بھی اپنے نامزد اُمیدوار کی حمایت میں کھڑی ہے۔ اعتزاز احسن کی بطور صدارتی اُمیدوار  نامزدگی  کی مسلم لیگ ن نے مخالفت کی مگر خورشید شاہ نے  دو ٹوک بیان جاری کر دیا اور کہا کہ پی پی پی کے اُمیدوار اعتزاز احسن ہی ہیں  تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ دوسری طرف صدارتی انتخاب کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے عارف علوی کی حمایت کی اور ساتھ ہی کہا کہ اعتزاز احسن کا نام واپس لیا گیا تو نظریاتی سیاست دفن ہو جائے گی ۔ پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کا نام سامنے لے آئی تاہم ن لیگ کی حمایت حاصل کرنا ایک بڑا سوال بن چکا ہے  ، دونوں جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں جاری ہیں مگر ابھی معاملہ حل نہیں کیا جا سکا ۔ یقیناً اپوزیشن کے متحد نہ ہونے کی صورت میں  حکومت کو فائدہ پہنچے گا  ۔