Friday, April 26, 2024

پیپلزپارٹی سندھ میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے، مصطفی کمال

پیپلزپارٹی سندھ میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے، مصطفی کمال
December 12, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا ہے پیپلزپارٹی سندھ میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے۔

پی ایس پی کے رہنماوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماوں سے ملاقات کی جس میں ترمیمی سندھ بلدیاتی نظام پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں نے ترمیمی بل کو مسترد کر دیا۔

مصطفی کمال نے مراد علی شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کل اسمبلی میں وزیراعلی سندھ نہیں تعصب زدہ قوم پرست لیڈر بات کر رہا تھا۔ بلدیاتی ترمیمی بل کی نہ صرف مخالفت کرتے ہیں بلکہ دو ہزار تیرا میں جو اختیارات کم کیے اس کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ کراچی کو بااختیار کیا جائے۔ حالات سدھارنے کے لیے اختیار نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوں گے۔

 حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پی ایس پی اور جماعت اسلامی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شہر میں کسی صورت بھی لسانیت وعصبیت اور وڈیرہ شاہی سیاست قبول نہیں کی جائے گی۔ بااختیار شہری حکومت اور براہ راست میئر کا انتخاب ہی مسائل کا حل ہے۔