Wednesday, April 24, 2024

پیپلزپارٹی ساہیوال ڈویژن کا مہنگائی کیخلاف مارچ کا اعلان

پیپلزپارٹی ساہیوال ڈویژن کا مہنگائی کیخلاف مارچ کا اعلان
February 10, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی ساہیوال ڈویژن نے مہنگائی کیخلاف مارچ کا اعلان کر دیا۔ ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت کے خلاف مارچ میں مارچ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے ستائے عوام کو ساہیوال سے لیکر نکلیں گے اور پورے پنجاب میں جائیں گے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم کے مطابق ٹیکے لگنے پر حوریں نظرآتی ہیں تاہم حکومت کے ٹیکے اب ختم ہونے والے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ٹھیکے پر چل رہی ہے اور ایسی حکومت ملک نہیں چلا سکتی ۔ وزیراعظم نے آتے ہی کہا انڈوں سے مرغیاں نکالیں گے، یہ بھی کہا یونیورسٹی بنائیں گے، بتائیں کتنے طالبعلم پڑھ کر نکلے، نواز شریف نے بھی حکومت ملنے کے بعد یہی کہا تھا کہ حالات اتنے برے ہوں گے اندازہ نہیں تھا۔ چودھری منظور احمد بولے عمران خان کو آکسفورڈ میں داخلہ کرکٹ کی بنیاد پرملا، گھر جمائمہ سے لیا،شوکت خانم چندے سے بنایا اور اب عوام کو خیرات دینے کے لیے پناہ گاہیں بنائی جا رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے میڈیا کانفرنس کے دوران جیالوں کی بھی خوب خبر لی اور کہا کہ دوسری جماعتیں سوشل میڈیا پرپارٹی کو لتاڑ رہی ہیں، اب پیپلزپارٹی میدان عمل میں اتر رہی ہے، تیاری کر لیں۔