Monday, September 16, 2024

پیپلزپارٹی رہنمائوں کی نااہلی کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس

پیپلزپارٹی رہنمائوں کی نااہلی کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس
April 14, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، سینیٹر اعتزاز احسن اور سینیٹر رحمان ملک کی نااہلی کے لیے درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے مقامی شہری سید اقتدار حیدر شاہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کی رکنیت رکھنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین دو الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں لیکن وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن اور سینیٹر رحمان ملک بیک وقت پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے رکن ہیں جس کی آئین اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عدالت تینوں کو نااہل قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل سے قانونی معاونت مانگ لی ہے۔