Friday, April 19, 2024

پیپلزپارٹی تیاری کرلے تحریک انصاف سندھ میں بھی آ رہی ہے، شاہ محمود قریشی

پیپلزپارٹی تیاری کرلے تحریک انصاف سندھ میں بھی آ رہی ہے، شاہ محمود قریشی
May 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینٹ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی والو ! تیاری کرلو، تحریک انصاف سندھ میں بھی آ رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی سینٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو ہر چیز آبادی کے تناسب سے زیادہ دی، پیپلزپارٹی میں وفاق کی خوشبو تھی، اب صوبے کی بو آرہی ہے۔ سندھ حکومت کون ہوتی ہے بجلی کے بل معاف کرنے والی؟ وہ صوبے کی ٹھیکیدار نہ بنے، پی ٹی آئی نے جیسے پنجاب میں لوہا منوایا، اب سندھ میں بھی منوائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اگر کسی پر نبردآزما ہونا پڑا وہ کورونا وائرس ہے۔ پاکستان اس آفت کا مقابلہ کررہا ہے اور کرے گا۔ ہم کورونا کو شکست دیں گے۔ ہماری کورونا سے متعلق پالیسی واضح ہے۔ کورونا سے متعلق نیشنل پالیسی میں پیپلزپارٹی کی بھی ان پٹ ہے۔ کورونا کی ویکسین میں وقت لگے گا، دو سال بھی لگ سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن حکمت عملی کا ایک حصہ ہے، یہاں کہا گیا کہ وزیراعظم کہاں ہے؟ اطلاع دینا چاہتا ہوں وزیراعظم اسلام آباد میں ہیں اور روزانہ کورونا کے حوالے سے میٹنگ کرتے ہیں۔ قومی رابطہ کمیٹی کے گیارہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے خود کی۔ شاہ محمود قریشی کا  کہنا تھا کہ یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے، پوری فیڈریشن کو ملکر کام کرنا ہے۔ اس وباء سے نمٹنے کیلئے تمام فریقین کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی چئیرمین سینٹ خود سینٹ اجلاس کے خلاف تھے۔  پہلے پیپلز پارٹی اپنی صفوں کے اندر اتفاق راے پیدا کر لے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت خود اجلاس بلانےکیلئے بحث و مباحثہ کا شکار رہی۔   اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہر گز نہیں کہا لاک ڈاؤن اشرافیہ نے کرایا ہے، اشرافیہ لاک ڈاؤن کی بات کرتی ہے، ان کے پاس وسائل ہیں وہ لاک ڈاؤن میں زندہ رہ سکتے ہیں، لاک ڈاؤن میں مزدور طبقہ بھوکا مر جائے گا، ماہر معاشیات کہہ رہے ہیں لاک ڈاؤن رہا تو 18.6 ملین افراد لاک ڈاؤن سے بیروزگار ہوجائیں گے۔ سندھ کی اپنی حکومت نے تاجروں کیساتھ مذاکرات کیے وہ ناکام ہو گئے پراپیگنڈا کیا جارہا ہے 18ویں ترمیم کو دفن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 18 ویں ترمیم کو دفن کرنا ہماری حکمت عملی اور سیاست نہیں ہے، کیا سندھ حکومت ان چیزوں پر آئین سازی کرسکتی ہے جو ان کے زمرے میں نہیں آتیں، سندھ حکومت یوٹیلیٹی بلز معاف کرنے والی کون ہوتی ہے، آئین نے آپ کو یوٹیلیٹی بلز معاف کرنے کا اختیار نہیں دیا۔