Sunday, May 19, 2024

پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری ظہیر احمد کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری ظہیر احمد کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
July 17, 2018
لاہور (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے این اے 124 سے  پیپلزپارٹی کی وکٹ گرا دی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری ظہیر احمد تحریک انصاف کے امیدوار نعمان قیصر کے حق میں دستبردار اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان چئیرمن سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں چوہدری سرور ،شفقت محمود اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیپلزپارٹی لاہور اور وسطی پنجاب کی تنظیم پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے ن لیگ کے ساتھ رابطے تھے یہ تحریک انصاف کو ہرانے کے لیے ن لیگ کی سپورٹ کر رہے تھے۔ چوہدری ظہیر احمد کے تحریک انصاف کی سپورٹ کرنے پر تحریک انصاف کو اس کا فائدہ ہو گا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے شفقت محمود نے ن لیگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ عمران خاں کی کردار کشی کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الیکشن مہم میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی شدید مزمت کی اور کہا کہ رواداری برقرار رکھنی چاہیے ، نازیبا الفاظ کوئی بھی ادا کرے اس کی مذمت کرتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔