Thursday, March 28, 2024

پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کو مصیبت کی گھڑی میں لاوارث چھوڑ کر غیر ملکی دوروں میں مصروف

پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کو مصیبت کی گھڑی میں لاوارث چھوڑ کر غیر ملکی دوروں میں مصروف
June 26, 2015
کراچی(92نیوز)کراچی میں گرمی سے ہلاکتوں میں اگرچہ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اب بھی سرکاری اسپتال ہوں یا غیر سرکاری مریضوں کی ایک بڑی تعداد زیر علاج ہے،مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت ایک بار پھر سندھ کے عوام کو لاوارث چھوڑ کر ملک سے باہر چلی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جب 1972میں ملک میں سیلاب آیا تو   پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے  کئی ہنگامی دورے  کیے۔ ان کے ہیلی کاپٹر کی آواز سرکاری افسروں کے لیے خوف کی علامت سمجھی جاتی تھی،اڑتیس سال بعد  جب ایک اور سیلاب نے ملک میں تباہی مچائی تو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور اس وقت کے صدر مملکت فرانس میں اپنے مبینہ محل کا دورہ کررہے تھے۔ تینتالیس سال بعد آج کراچی میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں گرمی اور لوڈ شیڈنگ نے سوا تیرہ سو شہریوں کی جان لے لی ہے ،مریض اسپتالوں میں تڑپ رہے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی  اعلیٰ قیادت ملک سے غائب ہے ،ایک ہزار ہلاکتوں کے بعد وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ  محض ایک اسپتال کا دورہ کرکے گھر بیٹھ گئے ہیں۔ روٹی ،،کپڑا مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی آج انسانی جانوں کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے اور یہی حالات رہے تو اس کے مستقبل کے بارے میں پیش گوئی کرنا بہت آسان ہوجائیگا۔