Saturday, April 20, 2024

پیپلز پارٹی کا مقابلہ ہر سیاسی جماعت سے ہے، یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی کا مقابلہ ہر سیاسی جماعت سے ہے، یوسف رضا گیلانی
November 17, 2017

ملتان (92 نیوز) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی عدالتوں پر تنقید نہیں کی بلکہ ہمیشہ ججز کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ یہ الیکشن کا ٹائم ہے پوری طرح جلسے کریں گے، کوشش ہو گی وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب میں بھی حکومت ہو۔

ملتان میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ 197 کے پیپلز پارٹی کے سیکرٹریٹ کا افتتاح سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے ۔ ہماری پارٹی کااثاثہ ہمارہ ورکر ہے۔ اور ہمارہ ہر ورکر پارٹی کے منشور کے مطابق کام کرتا ہے ۔

الیکشن کے متعلق سوال پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی کے نام ہی ہو گا ۔ اور الیکشن کی تیاری کیلیے بھرپور طریقے سے جلسے کیے جائیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے چار ماہ پہلے ملتان آنا تھا۔ اب سیکیورٹی ایشوز ختم ہو گئے ہیں انشااللہ دسمبر میں بھرپور جلسہ ہو گا۔

فرینڈلی اپوزیشن کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ درست بات پر حکومت کا ساتھ دیا جبکہ غلط بات پر اختلاف کیا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارتی نے کبھی عدلیہ پر تنقید  نہیں کی ہمیشہ ججز کا احترام کیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کا ساتھ دیا ہے، مردم شماری کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ جہاں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے وہاں گڑبڑ کرنے کی کوشش کی گئی ہے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہمارہ مقصد صرف وفاق میں حکومت حاصل کرنا نہیں ہے۔ الیکشن میں مقابلہ دونوں جماعتوں سے ہی ہو گا۔