Friday, April 26, 2024

پیوٹن نے ہر مرحلے میں اوباما اور ہلری کو شکست دی ہے : ڈونلڈ ٹرمپ

پیوٹن نے ہر مرحلے میں اوباما اور ہلری کو شکست دی ہے : ڈونلڈ ٹرمپ
October 20, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ یہ الیکشن ہلری کلنٹن جیتیں گی۔ سپریم کورٹ کو آئین کی تشریح اسی انداز میں کرنی چاہیے جیسی کہ اس کے بانیوں کی سوچ تھی۔ ایسی سپریم کورٹ چاہیے جو دوسری ترمیم کو حمایت کرے۔ حال ہی میں جج نے میرے خلاف ایسے بیان دیے جس پر انہیں معافی مانگنا پڑی۔ جن لوگوں کو جج نامزد کرونگا وہ دوسری ترمیم کی حمایت کرینگے۔ انہوں نے کہا دوسری ترمیم کا پرجوش حامی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیسرے صدارتی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا روس‘ ایران اور شام نے ہماری پالیسیوں کا ناکام بنا دیا۔ شکاگو میں سب سے سخت قوانین ہیں۔ وہاں سب سے زیادہ تشدد کے واقعات ہوتے ہیں۔ غیرقانونی تارکین وطن کو ایمنسٹی دینا تباہ کن ہو گا۔ غیرقانونی تارکین وطن کو امریکہ سے نکالنا ہو گا۔ ہلری کلنٹن انہیں ایمنسٹی دینا چاہتی ہیں۔ ہزاروں افراد غیرقانونی طور پر آرہے ہیں۔ منشیات لا رہے ہیں۔ ہماری سرحدیں محفوظ ہونی چاہئیں۔ شمالی امریکہ میں آزاد تجارت کا معاہدہ تباہ کن ہے۔ ہمیں دیوار بنانا ہو گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہمیں انتہا پسند مسلمانوں کو امریکہ آنے سے روکنا ہو گا۔ میں پیوٹن کو نہیں جانتا نہ ہی ان سے ملا ہوں۔ پیوٹن نے ہر مرحلے میں اوباما اور ہلری کو شکست دی ہے۔ امریکہ‘ سعودی عرب‘ جاپان اور جنوبی کوریا کے دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ ہلری کلنٹن جھوٹ بول رہی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ہلری کا ٹیکس پلان تباہ کن ثابت ہو گا۔ تجارتی سمجھوتوں پر دوبارہ گفت و شنید کرونگا۔ امریکہ سے ملازمتیں میکسیکو اور دوسرے ملکوں میں منتقل ہورہی ہیں۔ ہلری کلنٹن صدر بنی تو یہ امریکہ کیلئے تباہ کن ہو گا۔ ہلری کلنٹن نے عراق‘ لیبیا اور شام کی حالت تباہ کی۔ میں نے لاکھوں ڈالرز سے کمپنی بنائی۔ اگر ہم نے ملک اسی طرح چلایا جیسے میں نے اپنی کمپنی چلائی تو ہم کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا مجھ پر الزام لگانے والی عورتوں کے پیچھے ہلری کی مہم ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ہلری نے تینتیس ہزار ای میلز ضائع کیں۔ انتخابی نتائج قبول کرنے سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ لاکھوں ایسے لوگوں کے ووٹ رجسٹرڈ کئے گئے جو نہیں کئے جانے چاہئیں تھے‘ میڈیا بہت بددیانت ہے۔