Friday, May 17, 2024

پینتیس پنکچر کے الزام پر معذرت کرتا ہوں!!! افواہوں کی بنیاد پر الزام لگانا غلطی تھی: عارف علوی

پینتیس پنکچر کے الزام پر معذرت کرتا ہوں!!! افواہوں کی بنیاد پر الزام لگانا غلطی تھی: عارف علوی
July 2, 2015
لاہور (92نیوز) 35پنکچر کے الزامات پر معذرت کرتا ہوں، افواہوں کی بنیاد پر الزام لگانا غلطی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن پارلیمنٹ عارف علوی نے یہ ٹو یٹ کی اور پھر کچھ دیر بعد ایک اور ٹویٹ میں نئی کہانی چھیڑ دی، کیا ڈاکٹر عارف علوی نے یوٹرن لے لیا؟ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عارف علوی نے کچھ دیر قبل ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ 35پنکچر کے الزامات پر معذرت کرتا ہوں، افواہوں کی بنیاد پر الزام لگانا غلطی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد انہوں نے اپنے الفاظ کو گول مول کر دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ برس دھرنے کے دوران کنٹینر پر کھڑے ہوکر ایک نہیں دو نہیں سوبار 35پنکچر کی کہانی سنائی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے ٹویٹ کرکے 35پنکچر کا الزام لگانے پر پہلے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات اور افواہوں کی تصدیق کرنی چاہئے تھی پھر یوٹرن لیتے ہوئے ایک اور ٹویٹ کی کہ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کے خیال میں پینتیس پنکچرز کی کہانی درست ہے اور نعیم الحق کے پاس اس حوالے سے براہ راست معلومات بھی ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ایک تیر سے دو شکار کر لیے، معذرت بھی کرلی اور نئی کہانی بھی چھیڑ دی۔