Sunday, September 8, 2024

پیرو : قدیم مندر سے ہزار سال قبل بھینٹ چڑھائی گئی خواتین کی باقیات مل گئیں

پیرو : قدیم مندر سے ہزار سال قبل بھینٹ چڑھائی گئی خواتین کی باقیات مل گئیں
January 23, 2016
لیما (ویب ڈیسک) پیرو کے ماہرین آثار قدیمہ نے ملک کے شمالی حصے میں ایک مقام سے ایک ہزار سال قبل بھینٹ چڑھائی گئی چھے خواتین کی باقیات دریافت کی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ملک کے شمالی علاقے میں کھدائی کے دوران دریافت ہونے والی باقیات جوان خواتین کی ہیں جولیما سے سات سو پچاس کلو میٹر دور ایک مندر سے ملی ہیں۔ مندر کے داخلی راستے میں کھلی جگہ پر قربان گاہ ہے اور خواتین کی تدفین بھی اسی مقام پر ہوتی تھی۔ چار خواتین ایک ہی قبر میں اوپر نیچے دفن تھیں اور سب کے سر مشرق کی طرف تھے جبکہ ایک اسی مندر کے ایک کونے میں مدفون تھی۔ چھٹی خاتون کے آثار ایک تیسرے مقام سے ملے۔ مندر میں بھینٹ کے مقام پر مٹی کے برتنوں کی موجودگی اس بات کا اشارہ ہے کہ خواتین کو بھینٹ چڑھانے کا عمل باقاعدہ ایک رسم تھی اور مندر صرف انہی کاموں کیلئے مخصوص تھا۔ واضح رہے کہ کھدائی کا کام پچھلے سال دسمبر میں شروع ہوا تھا اور اس سال بھی جاری رہے گا۔