Friday, April 26, 2024

پیرس میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب

پیرس میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب
December 1, 2019
پیرس (92 نیوز) پیرس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینئر عہدیداران شریک ہوئے۔ پیرس کے نواحی علاقے بوبینی کے مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی اور صدارت سابق کوآرڈینیٹر پی پی پی یورپ کامران یوسف گھمن نے کی۔تقریب میں پیپلز پارٹی فرانس کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر نعروں کی گونج میں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔ کامران یوسف گھمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ماضی میں ملک کو خوشحالی کی جانب گامزن کیا لیکن سازشوں کے ذریعے پارٹی کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں جس سے ملکی ترقی کی رفتار میں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سیاسی شعور رکھنے والے لوگ پیپلز پارٹی کو ایک بہترین سیاسی جماعت سمجھتے ہیں ہماری خوش قسمتی ہے کہ بلاول بھٹو جیسا نوجوان اور قابل لیڈر پارٹی کی قیادت کر رہا ہے۔ یوسف گھمن کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی تمام صوبوں سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو کر وفاق میں حکومت بنائےگی اور بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے۔