Thursday, May 9, 2024

پیرس ماسٹرز، رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں الیگزینڈر زیورف کے ہاتھوں شکست

پیرس ماسٹرز، رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں الیگزینڈر زیورف کے ہاتھوں شکست
November 9, 2020
پیرس (92 نیوز) اسپینش ٹینس اسٹار کا پیرس ماسٹرز کا فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوگیا، رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زیورف نے شکست دے دی۔ روس کے ڈینیل میدویدیو نے بھی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پیرس ماسٹرز کے فائنل معرکے کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل ہوگیا، اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال کا فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ ہوسکا، عالمی نمبر دو رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زیورف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمنی ٹینس پلیئر نے کھیل کے آغاز سے رافیل نڈال کو دباؤ میں رکھا اور چھ چار سے سیٹ جیت کر برتری حاصل کر لی۔ دوسرے سیٹ میں رافیل نڈال نے میچ میں واپسی کی بھر پور کوشش کی تاہم دلچسپ مقابلے کے بعد الیگزینڈر زیورف نے سات پانچ سے سیٹ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں کینیڈا کے ملیوس راؤنک اور روس کے ڈینیئل میدویدیو میں جوڑ پڑا، رشین کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسٹریٹ سیٹس سے حریف کھلاڑی کو مات دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔