Thursday, March 28, 2024

پیرس : امریکی صدر کا بٹاکلان تھیٹر کا دورہ‘ جائے حادثہ پر گلدستہ رکھا

پیرس : امریکی صدر کا بٹاکلان تھیٹر کا دورہ‘ جائے حادثہ پر گلدستہ رکھا
November 30, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک حسین اوباما نے فرانس آمد کے فوری بعد پیرس میں بٹا کلان تھیٹر کا دورہ کیا اور پیرس میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق باراک حسین اوباما فرانس میں ماحولیاتی تغیرات کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے پیرس پہنچے ہیں لیکن اپنی آمد کے فوری بعد وہ بٹاکلان تھیٹر گئے جہاں تیرہ نومبر کو دہشت گردوں کی فائرنگ میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اور پیرس کی میئر اینی دالغو بھی ان کے ساتھ تھیں۔ امریکی صدر نے دہشت گردی کے مقام پر پھول رکھے۔ انہوں نے تھیٹر کے باہر دہشت گردی کے مقام پر تھوڑی دیر خاموشی اختیار کی اور سر جھکائے کھڑے رہے۔ باراک حسین اوباما کی آمد پر بٹاکلان تھیٹر میں دہشت گردی کے مقام پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔