Tuesday, May 21, 2024

پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 ستمبر تک توسیع

پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 ستمبر تک توسیع
September 13, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے خواجہ برادران کی فرد جرم ختم کر کے بری کرنے کی درخواست پر وکلاء کو بھی بحث کیلئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو جیل سے لا کر عدالت پیش کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اپنا وکالت نامہ بھی جمع کروا دیا۔ سپیشل پراسکیوٹر نیب علی سلطان ٹیپو نے بریت کی درخواست پر تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا۔ خواجہ برادران نے فرد جرم عائد کئے جانے کیخلاف درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیرا گون ریفرنس بے بنیاد اور جھوٹا بنایا گیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کی درخواستوں پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔