Tuesday, April 23, 2024

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ اندرون سندھ سے گرفتار

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ اندرون سندھ سے گرفتار
November 14, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں اہم موڑ  آگیا ، سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ اندرون سندھ سے گرفتار  کر لئے گئے ۔  نیب کی خصوصی ٹیم نے ملزم کو خیرپور سے پکڑا۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو اندرون سندھ سے دھر لیا گیا۔ ڈی جی نیب سکھر نے رینجرز اور پولیس کی مدد سے کوڈیجی میں شوگر مل کے مالک مبین جمانی کے بنگلے پر چھاپہ مار کر قیصرامین بٹ کو گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے گرفتاری کے بعد ملزم کو سکھر کی بینکنگ کورٹ نمبر ون میں پیش کیا، عدالت نے قیصرامین بٹ کو چھ روزہ سفری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ دوسری طرف نیب لاہور نے پیراگون سوسائٹی کے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیا، جبکہ دستاویزی شواہدبھی حاصل کرلئے، ذرائع کے مطابق بیان ریکارڈ کرانے والے شخص کا تعلق گلبرگ لاہور سے ہے، اور وہ بیرون ملک بھی مقیم رہا ہے۔ ادھر لاہورہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی درخواست پر عبوری ضمانت میں چھبیس نومبر تک توسیع کردی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعدرفیق نے کیس کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ برادران کی درخواست پر نیب اور پیمرا سے بھی آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔