Thursday, May 9, 2024

پیراگون ریفرنس ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ اکتوبر تک توسیع

پیراگون ریفرنس ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ اکتوبر تک توسیع
October 5, 2019
 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ اکتوبر تک توسیع کر دی۔ لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت جج جواد الحسن نے کی۔ خواجہ برادرن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت اس لئے آیا ہوں کہ میرے ساتھ قانون کے مطابق انصاف کیا جائے۔ اگر خواجہ برادران پر کوئی الزام ہے تو اس کی سماعت کا اختیار احتساب عدالت کو نہیں۔ نیب کے سپیشل پراسکیوٹر حافظ اسد اللہ نے ایس ای سی پی، کمپنیز ایکٹ اور نیب آرڈیننس کا تقابلی جائزہ رپورٹ پیش کر دی اور دلائل دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر ٹرائل کورٹ فرد جرم عائد کر دے تو اس پر نظر ثانی نہیں کی جا سکتی جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ اگر فرد جرم عائد ہونے کے بعد قانون تبدیل ہو جائے تو کیا ہو گا؟ نیب پراسیکیوٹر  نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ فوجداری نیب آرڈیننس کی دفعہ 18 سی کو ڈیل کرتا ہے جس پر خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگر کیس ایس ای سی پی نے تحقیقات کے بعد دائر کیا ہوتا تو مجھے چیلنج کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن نہ جیتے تو اچھا ہوتا ،جیت کر جیل میں پہنچ گئے۔ یہ نالائق کب تک  نظام چلائیں گے ۔ مولانا فضل الرحمن نکلنے لگے ہیں، عوام ہمیں ریلیف نہیں دے سکتے اپنے ریلیف کا خیال کریں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14  اکتوبر تک ملتوی کر دی۔