Friday, May 17, 2024

پیراگون اسکینڈل ،خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 7دن کی توسیع

پیراگون اسکینڈل ،خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 7دن کی توسیع
January 26, 2019
لاہور ( 92 نیو ) پیراگون اسکینڈل  میں گرفتاری خواجہ برادران کے ریمانڈ میں مزید سات دن کی توسیع کر دی گئی ۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں  گرفتار نیب کے ملزم خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈمیں دوفروری تک توسیع کردی گئی۔ خواجہ برادران کوسات روز کےجسمانی ریمانڈکےبعداحتساب عدالت  میں پیش کیاگیا۔ نیب پراسیکیوٹرنے  مؤقف اختیارکیا کہ خواجہ برادران 7 روزہ راہداری ریمانڈ پر رہے جس کے باعث تفتیش نہیں ہو سکی ، پراسکیوٹرنے ریمانڈ میں مزید پندرہ روزتک کی توسیع استدعا کی۔ خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ برادران کاساراریکارڈنیب،الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس موجود ہے ، نیب ابھی تک خواجہ برادران کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا ۔ خواجہ سعدرفیق نے میڈیا سے بات چیت  میں کہا کہ حکمران طبقے نے اپنی مرضی کامنی بجٹ دیا ۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر  سکیورٹی کے سخت انتظامات   کیے گئے ۔جانے والے تمام راستے بند کردیئے،سیکرٹریٹ کےاردگرد کنٹینر  لگاکرپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ اسکینڈل میں نیب کی زیر حراست قیصر امین بٹ کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ منظور کر چکا ہے ۔ پراسیکیوٹر نیب کی جانب سے  عدالت میں کہا گیا کہ قیصر امین بٹ  نے   کیس میں  وعدہ معاف گواہ بن  کر بیان ریکارڈ کرایا ،  ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں ۔ وکیل قیصر امین بٹ نے موقف اپنایا کہ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں کرپشن کا تمام احوال بیان کر دیا ، چیئرمین نیب نے بھی معاف کر دیا ہے ۔ وکیل کا مزید کہنا تھا کہ  نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواست گزار کو رہا کیا جاسکتاہے، ہر قسم کی ضمانت دینے کو تیار ہوں کہ جیل سے رہا کیا جائے ۔ عدالت نے دلائل سننے کےبعد  قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور کر لی  تھی ۔