Friday, April 26, 2024

پیر نور الحق قادری نے حج سستا نہ کرنے کا عندیہ دیدیا

پیر نور الحق قادری نے حج سستا نہ کرنے کا عندیہ دیدیا
January 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری نے حج سستا نہ کرنے کا عندیہ دیدیا، کہتے ہیں کاش سستا حج کراسکتے، کرنسی کی صورتحال ایسی نہیں ہے کہ حج سستا کرسکیں۔ پیکج میں اضافہ کی وجہ سعودی عرب میں مزید ٹیکس لگنا بھی ہے۔ پیر نور الحق قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج پالیسی جلد تیار کرکے اعلان کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تنظیم ہوپ نے حج کے احسن انداز میں معاملات چلائے ہیں، ہوپ کا کام انتہائی اجر اور ثواب کا کام ہے لیکن انتہائی باریک کام بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم نے مجھے وزیر مذہبی امور بنایا تو ان سے اس وزارت سے بچنے کی کوشش کی۔ اس وزارت میں انتہائی اہم اور باریک کام ہوتا ہے، میں نے وزیر اعظم کے کہنے پر یہ وزارت قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے ،یہ دو دھاری تلوار ہے اگر کوتاہی ہوئی تو اسکی بڑی پکڑ ہے۔ حج آپریٹرز کے حوالے سے چھوٹی چھوٹی شکایات ہیں، حج آپریشن مینجمنٹ کے حوالے سے انتہائی مشکل کام ہے، اتنے لوگوں کو ا کٹھارکھنا مشکل کام ہوتا ہے۔ حج میں دنیا سے مختلف قسم کے لوگ آتے ہیں، سعودی عرب کی حکومت کو حج کے اجتماع کا انتظام کرنے پر داد دیتا ہوں۔ حج کا اہتمام کروانا حوصلے اور ہمت کا کام ہے۔ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ حکومت کی کئی طرح کی مجبوریاں ہوتی ہیں،مجھ پر سیاسی دباﺅ ہے کہ تمام کوٹہ سرکاری کوٹہ میں لے آئیں۔ انڈونیشیا ماڈل کی باتیں کی جاتی ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔ وزارت مذہبی امور پرائیوٹ حج آرگنائزرز کیساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنقید ہوتی ہے کرتار پور راہداری کھول دی اور حج مہنگا کردیا، کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟، تنقید کرنے والے حقائق کو نہیں دیکھتے، کرتار پر لوگ تانگے پر آجاسکتے ہیں حج پر ایسی سہولت نہیں ہے۔ حکومت کی طرف سے فنڈ سے حجاج کی تربیت کروائی جاتی ہے۔