Friday, April 26, 2024

پیر حمید الدین سیالوی کا 3 دسمبر تک رانا ثنا اللہ کے استعفے کا مطالبہ

پیر حمید الدین سیالوی کا 3 دسمبر تک رانا ثنا اللہ کے استعفے کا مطالبہ
November 29, 2017

سرگودھا (92 نیوز) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب زعیم قادری نے پیر حمید الدین سیالوی کو منانے کے لیے سیال شریف میں ان سے ملاقات کی جس میں اراکین اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ زیر بحث آیا تو پیر حمید الدین سیالوی نے پانچ نکاتی ایجنڈا دیتے ہوئے تین دسمبر تک وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب زعیم قادری نے پیر حمید الدین سیالوی کو منانے کےلیے خوب جتن کئے۔ اس موقع پر لیگی ایم این اے حامد حمید، عبد الرزاق ڈھلوں، ملک وارث کلو اور غلام نظام الدین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وہاں موجود افراد نے ن لیگ پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ حکومت ختم نبوت کے معاملے پر پیچھے ہٹ گئی ہے۔
اس موقع پر زعیم قادری نے پیر حمید الدین سیالوی کو یقین دلایا کہ رانا ثنا اللہ ان کے پاس آ کر یہ اعلان کریں گے کہ وہ قادیانیوں کو غیر مسلم سمجھتے ہیں۔ پیر حمید الدین نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملہ پر رانا ثناء اللہ نے جو بیان دیا تھا اس پر وہ وزارت سے مستعفی ہوں یا 3 دسمبر تک دربار سیال شریف پر حاضر ہو کر اپنے بیان پر معافی مانگیں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو گزشتہ میٹنگ میں پیش کیے گئے تمام استعفے قومی و صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیں گے۔
پیر آف سیال شریف نے مطالبہ کیا کہ انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کے محرکات سامنے لائے جائیں جبکہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کے ذمہ داروں کو عہدوں سے ہٹا کر سزا دی جائے۔
دوسری طرف زعیم قادری نے تمام تر معاملات وزیر اعلیٰ پنجاب تک پہنچانے کی یقین دہانی کروا دی۔