Friday, April 26, 2024

پیر آف سیال شریف کا 20 جنوری کو داتا دربار پر حاضری کا اعلان

پیر آف سیال شریف کا 20 جنوری کو داتا دربار پر حاضری کا اعلان
January 15, 2018

سرگودھا ( 92 نیوز ) پیر آف سیال شریف نے بیس جنوری کو داتا دربار پر حاضری کیلئے لاہور جانے کا بڑا اعلان کردیا۔ پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا ہے ڈریں گے نہ جھکیں گے ۔ ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پیر آف سیال شریف نے مزید کہا کہ وزیر قانون رانا ثنا کا استعفا آنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

پیر آف سیال شریف نے 13 جنوری کو داتا دربار حاضری کے موخر فیصلے کی تجدید کر دی ۔ خواجہ حمید الدین سیالوی نے 20 جنوری کو لاہور میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس کا اعلان کر دیا۔

سیال شریف سے جاری بیان میں پیر آف سیال کا کہنا تھا کہ حکومت کو بہت وقت دیا مگر ختم نبوت قانون میں ترمیم کے ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔

پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا ہے کہ ختم نبوت کے معاملے پر سمجھوتہ کسی صورت نہیں ہو سکتا ۔  وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا استعفی آنے تک احتجاج جاری رہے گا ۔  لاہور احتجاج میں لاکھوں عاشقان رسول شریک ہوں گے  ۔

ذرائع کے مطابق سیال شریف میں لاہور احتجاج سے متعلق حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے علماء و مشائخ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے  جبکہ داتا دربار پر منعقدہ کانفرنس میں مزید لیگی وزراء کے استعفے پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے ۔