Monday, September 16, 2024

پیانگ یانگ امریکہ سے جنگ کی بھیک مانگ رہا ہے، نکی ہیلی

پیانگ یانگ امریکہ سے جنگ کی بھیک مانگ رہا ہے، نکی ہیلی
September 5, 2017

پیانگ یانگ (92 نیوز) شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے۔ امریکا نے کہا ہے کہ پیانگ یانگ جنگ کی بھیک مانگ رہا ہے۔ روس اور چین نے شمالی کوریا پر امریکی حملے کی تجویز کی مخالفت کردی۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر عالمی برادری کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیاسی امور کے سیکرٹری جیفری فیلٹ مین کہتے ہیں بم تجربہ انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جوخطےاور عالمی برادری کیلئے خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے بھی ہائیڈروجن بم کے تجربے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ شمالی کوریا کو اس تجربے پر سخت ترین سزا دی جائے۔

اس سے قبل امریکا نے شمالی کوریا پر ایٹمی حملے کی دھمکی بھی دی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق شمالی کوریا نے دھمکانے کا سلسلہ جاری رکھا تو ایٹمی صلاحیت استعمال کر سکتے ہی۔ ادھرصدر ٹرمپ کہتے ہیں جوممالک شمالی کوریا سے تجارت کرتے ہیں امریکا ان سے اپنے کاروباری تعلقات ختم کرنے کا سوچ رہا ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی شمالی کوریا کے بم تجربے کو جارحانہ اقدام قرار دیا جبکہ چین میں جاری برکس اجلاس میں روس اور چین نے جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کےفیصلے پراتفاق کیا۔

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اوربین البراعظمی میزائل کے تجربے پر کام شروع کر دیا جبکہ حالیہ تجربے کے بعد ہنگامی فوجی مشقیں بھی کی ہیں۔

شمالی کوریا کے تجربات سے پیدا ہونے والی اس کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے سوئیٹزرلینڈ نے اپنی خدمات پیش کردیں۔ سوئس صدر ڈورس لیوتھرد کا کہنا ہے ان کا ملک اس کشیدگی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔