Monday, May 6, 2024

پی کے95کا ضمنی انتخاب ،جماعت اسلامی نے میدان مارلیا

پی کے95کا ضمنی انتخاب ،جماعت اسلامی نے میدان مارلیا
May 7, 2015
لوئردیر(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے پچانوےدیرکے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی نے میدان مار لیا،فاتح امیدوار اعزاز الملک افکاری نے انیس ہزار آٹھ سو بارہ ووٹ لئےجبکہ سہ فریقی اتحاد کے امیدوار بہادر خان پندرہ ہزار نو سو چون ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر رہے، خواتین حق رائے دہی استعمال نہ کرسکیں۔ تفصیلات کے مطابق لوئر دیر کے حلقہ پی کے پچانوے کی نشست امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے سینیٹر  منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی ضمنی انتخاب کے لئے ،جماعت اسلامی  اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار اعزازالملک افکاری  اور اےاین پی ،پیپلز پارٹی اور جےیوآئی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد کے بہادر خان میں کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ حلقہ  میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ہے ،پچاسی پولنگ اسٹیشنز  میں سے تینتیس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا تاہم دوران پولنگ بدنظمی کے ایک دو واقعات کے علاوہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔ واضح رہےکہ ضمنی انتخاب میں خواتین پولنگ اسٹیشنز پر ہو کا عالم رہا  اور کوئی خاتون ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئی ،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول ثمرباغ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آتا تو اسے زبردستی نہیں لایا جاسکتا۔ عورتوں کے ووٹ نہ ڈالنے اور سیاسی جماعتوں کے غیر فطری اتحاد کے باعث انتخابات میں ٹرن آؤٹ کم رہا ۔ لیکشن کمیشن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ثابت ہو گیا کہ کسی امیدوار  نے عورتوں کو ووٹ ڈالنے سے منع کیا ہے تو اس کو نا اہل قراردے دیا جائے گا۔