Sunday, September 8, 2024

پی کے ایل آئی کے زیادہ تنخواہیں لینے والے ملازمین سے ریکوری کروائیں گے، چیف جسٹس

پی کے ایل آئی کے زیادہ تنخواہیں لینے والے ملازمین سے ریکوری کروائیں گے، چیف جسٹس
December 1, 2018
لاہور (92 نیوز) پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ  سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے کہا پی کے ایل آئی کے زیادہ تنخواہیں لینے والے ملازمین سے ریکوری کروائیں گے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ  سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی کے ایل آئی کے زیادہ تنخواہیں لینے والے ملازمین سے بھی ریکوری کروائیں گے۔ نیب  کسی ذمہ دار کو باہر جانے نہ دے۔ چیف جسٹس نے ڈاکٹر عامر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے خلاف فوجداری مقدمات قائم ہونےچاہیں۔ بغیر احتساب کہیں جانے نہیں دیا جائے گا۔ معاملہ نیب کو بھجوا  دیتے ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے  ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹر سعید اختر کہتے تھے آپریشن کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔ کہاں ہیں ڈاکٹر سعید اختر بلائیں ان کو۔ خواہش ہے کہ پاکستان میں پہلا ٹرانسپلانٹ دسمبر کے آخر تک ہو جائے۔ جسٹس اعجاز الاحسن  نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ  کہتے تھے کہ پی کے ایل آئی شاہکار ہے، جائیں تو گودام لگتا ہے۔ ڈاکٹر ہما ارشد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آپریشن کیلئے انفراسٹرکچرموجود نہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔